Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام صوبائی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ شہر کے گلی کوچوں میں قاتل اور راہزن دندناتے پھر رہے ہیں شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔ کوئٹہ میں بے گناہ شہریوں اور سرانان میں نہتے مزدوروں سمیت دیگر اضلاع میں آئے روز بے گناہ عوام کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری اور بدامنی کا مسلسل بڑھتا ہوا سلسلہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حکومتی رٹ عملاً کمزور ہوچکی ہے عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے بنیادی فریضے میں حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود عملی اقدامات کا فقدان اور حکام کی خاموشی عوام میں بے چینی اور اضطراب کو مزید بڑھا رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ چیک پوسٹوں کی بھرمار اور سخت سکیورٹی اقدامات کے دعووں کے باوجود اگر قاتل آزادانہ طور پر شہریوں کو نشانہ بناتے رہیں تو یہ حکومتی سکیورٹی پالیسی اور انتظامی کارکردگی پر ایک سنجیدہ سوال ہے۔ عوام کو محض جگہ حگہ چیک پوسٹوں اور دعووں کی نہیں بلکہ عملی طور پر امن، تحفظ اور قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سرانان اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات کا فوری سدباب کیا جائے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔