میرین سائنس میں تعاون کافروغ،چین پاک جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

دالیان(ویب ڈیسک)چین کی دالیان اوشن یونیورسٹی اور پاکستان کی لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے درمیان میرین سائنس اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق دستخطی تقریب دالیان میں منعقد ہوئی، جہاں لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے وائس چانسلر عبدالمالک کی قیادت میں ایک وفد نے دالیان اوشن یونیورسٹی کے نائب صدر لیو وین حے اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ڈی ایل او یو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں جامعات کے درمیان تعاون کا محور میرین بگ ڈیٹا کے تبادلے اور اس کے عملی استعمال، سمندری ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں پر تحقیق، اور جدید آبی زراعت (ایکوا کلچر) کے فروغ پر ہوگا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس شراکت داری کے تحت اساتذہ اور طلبہ کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام، باہمی تحقیقی منصوبے، اور بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت ایک مشترکہ میرین لیبارٹری کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *