وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ،پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی خان محمدبڑیچ

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماوں حاجی خان محمد بڑیچ ، میرثناءاللہ جتک ،اختر بلوچ ،شاہجہان گجر ،زبیر بڑیچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اورانشاءاللہ صوبائی حکومت اپنے پانچ سال پورے کریگی۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی کوششوں سے صوبے میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے صوبے کے تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں جس سے عوام کی ایک بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسوقت بھی بلوچستان بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سی ایم آئی ٹی اور دیگر ادارے ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی کام معیار کے مطابق مکمل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی متوسط طبقے کی جماعت ہے جو پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جب بھی پارٹی برسراقتدارآئی ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیا اورپڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی ہدایت پر تمام صوبائی محکموں میں میرٹ پر ہزاروں کی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کی گئی ہیں جس سے لاکھوں گھروں کے چولہے جل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی مخلوط حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مضبوط اور مستحکم ہے اورمخلوط صوبائی حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا وزیراعلیٰ کو مکمل اعتماد حاصل ہے اورانشاءاللہ صوبائی حکومت اپنے پانچ سال پورے کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اورانہوں نے وزراءکو بھی سختی سے ہدایت کر رکھی ہے کہ کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *