Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
تربت (ویب ڈیسک)ٹیچنگ اسپتال تربت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے سیکیورٹی انتظامات، راستوں کی مبینہ بندش اور طبی عملے کے ساتھ ناروا رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی سمیت طبی خدمات کا بائیکاٹ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے باعث اسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کیچ اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے صحافیوں اور یوٹیوبرز کی تربت آمد کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹیچنگ اسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو بند کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کو اسپتال میں داخل ہونے سے روکنے کی شکایات سامنے آئیں۔طبی عملے کا کہنا ہے کہ اسپتال میں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو راستوں کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مبینہ طور پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے عملے کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا۔ اس صورتحال پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے طبی خدمات کا بائیکاٹ شروع کردیا۔اس سلسلے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانب سے ٹیچنگ اسپتال تربت سے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکا نے سیکیورٹی انتظامات اور طبی عملے کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے خلاف شدید احتجاج کیا۔احتجاجی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا مؤقف ہے کہ اسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ان کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم اگر سیکیورٹی انتظامات کے نام پر طبی عملے ہی کو اسپتال پہنچنے سے روکا جائے اور ان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی جائے تو اس سے نہ صرف طبی عملے کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مریض بھی براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔ذرائع کے مطابق احتجاج کے باعث ٹیچنگ اسپتال تربت کی او پی ڈی کا بائیکاٹ تاحال جاری ہے، جبکہ طبی عملے نے اپنے مطالبات اور تحفظات کے حل تک احتجاج جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔دوسری جانب اسپتال آنے والے مریضوں اور شہریوں نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات کے دوران مریضوں اور طبی عملے کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے اور تنازع کا فوری حل نکالا جائے تاکہ اسپتال میں معمول کی طبی خدمات بحال ہوسکیں۔طبی عملے نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، راستوں کی بندش اور مبینہ بدسلوکی کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کو دورانِ ڈیوٹی مکمل تحفظ اور اسپتال تک بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔