نیشنل بینک کے نئے صدر عبدالواحد سیٹھی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے نیشنل بینک آف پاکستان کے نئے قائم مقام صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالواحد سیٹھی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عبدالواحد سیٹھی ایک تجربہ کار بینکنگ اور مالیاتی ماہر ہیں، جنہیں نیشنل بینک آف پاکستان میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے اور مالیاتی امور، آڈٹ، رسک مینجمنٹ، گورننس اور اندرونی کنٹرولز کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ نیشنل بینک کی سینئر انتظامیہ میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے باعث وہ بینک کے معاملات اور کاروباری برادری کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ فاروق یوسف شیخ نے امید ظاہر کی کہ عبدالواحد سیٹھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کو مزید مضبوط بنانے، بینکاری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور کاروباری و صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا ایک اہم صنعتی، تجارتی اور برآمدی مرکز ہے، اس لیے یہاں کی کاروباری برادری کو نیشنل بینک آف پاکستان سے خصوصی توقعات وابستہ ہیں۔ چیمبر آف کامرس اور نیشنل بینک کے درمیان مضبوط روابط کو مزید فروغ دے کر صنعتکاروں اور تاجروں کو فنانسنگ، برآمدات، ورکنگ کیپیٹل اور دیگر بینکاری سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔صدر فیصل آباد چیمبر نے عبدالواحد سیٹھی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو نبھانے میں کامیاب ہوں گے اور نیشنل بینک آف پاکستان کو مزید ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *