معیاری کتابیں طلبہ کے علمی، تحقیقی اور فکری معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی جانب سے کوئٹہ کے 21 میل اور فی میل کالجز کی لائبریریوں کے لیے جدید اور معیاری کتابوں کی فراہمی کے سلسلے میں پروقار تقریب گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ میں پہلے مرحلے میں گرلز کالجز کے پرنسپلز میں کتابیں تقسیم کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس، بسوں اور لیپ ٹاپس کی فراہمی کے بعد اب کالجز کی لائبریریوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ کتابوں کی تقسیم اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔صوبائی وزیر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ معیاری کتابیں طلبہ کے علمی، تحقیقی اور فکری معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور حکومت تعلیمی اداروں میں مطالعے کا رجحان فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔تقریب میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حسین بلوچ، سبجیکٹ اسپیشلسٹ سعدیہ فاروقی، پرنسپل صباحت عظمت اور جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز سعیدہ نیاز سمیت کالجز کے پرنسپلز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *