Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بلوچستان کے پارلیمنٹیرینز اور قبائلی عمائدین سے ملاقات صوبے میں قیام امن، سیاسی مفاہمت اور معاشی استحکام کی جانب ایک اہم اور مثبت پیشرفت ہے۔ یہ ملاقات محض ایک رسمی نشست نہیں بلکہ بلوچستان کے سیاسی، سماجی، معاشی اور سکیورٹی مسائل کو وسیع تر قومی تناظر میں حل کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران بلوچستان میں بہت جلد امن قائم کرنے اور بلوچ شہریوں کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی انتہائی اطمینان بخش ہے۔ بلوچستان میں پائیدار امن کے ساتھ ساتھ روزگار، تعلیم، ترقی، سیاسی نمائندگی، انصاف اور عوامی اعتماد کے مسائل بھی یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ریاستی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے سیاسی، قبائلی اور سماجی حلقوں سے براہِ راست رابطوں میں اضافہ ایک مثبت اور ضروری اقدام ہے۔ اس ملاقات کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ بلوچ عمائدین کو اعلیٰ سطح پر اپنی شکایات، تحفظات اور تجاویز براہِ راست پیش کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اور سیاسی قیادت ریاستی اداروں اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی کا مؤثر پل بن سکتی ہے۔ اگر مقامی قیادت اور عوام کو امن کے عمل میں مؤثر شراکت دار بنایا جائے تو شدت پسندی کے خلاف کوششوں میں مقامی تعاون بھی مزید بڑھ سکتا ہے۔ تاہم اس اعتماد کو صرف اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اور قابلِ پیمائش اقدامات سے مستحکم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کیلئے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہونے والی یہ ملاقات ایک اہم پیغام رکھتی ہے۔ اگر امن و امان، نوجوانوں کے روزگار، تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبوں اور بلوچستان کے وسائل میں صوبے کے جائز حق جیسے معاملات پر عملی پیش رفت ہوتی ہے تو سیاسی قوتوں کیلئے مفاہمت اور تعاون کی سیاست کو مضبوط بنانا آسان ہوگا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ بلوچستان کو صرف سکیورٹی کے زاویے سے دیکھنے کے بجائے اس کے سیاسی، معاشی، سماجی اور انسانی مسائل کو ایک مجموعے کے طور پر حل کرنا ہوگا۔ سی ڈی ایف کی جانب سے بلوچستان کے پارلیمنٹیرینز اور قبائلی عمائدین کو امن اور مسائل کے حل کی یقین دہانی اس عمل کا اہم نقط? آغاز بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو امن کے ساتھ عزت، انصاف، ترقی اور فیصلہ سازی میں مؤثر شراکت داری کا احساس بھی ہونا چاہیے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع، عوام کو بنیادی سہولیات اور صوبے کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان کا امن صرف بلوچستان نہیں بلکہ پورے پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔ ریاستی اداروں، حکومت، سیاسی قیادت، قبائلی عمائدین اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کو فروغ دے کر ہی شدت پسندی کا مستقل خاتمہ اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔