بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اینٹی ٹیررسٹ فورس (اے ٹی ایف) کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قلات میں سیکیورٹی فورسز اور بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس و اے ٹی ایف کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دینے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت بلوچستان امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف نے بھاگ کچھی میں ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر امن دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی کوششیں جاری ہیں اور بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے قلات اور بھاگ کچھی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *