گوادر میں جدید اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر مکمل نئے اسپورٹس گراؤنڈ سے گوادر کے نوجوانوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی

گوادر(ویب ڈیسک)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے نئے اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر مکمل کرلی جس کا مقصد فٹ بال اور والی بال کے کھلاڑیوں کو بہتر اور معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔گوادر پرو کے مطابق نئے گراؤنڈ میں کشادہ کھیل کے میدان، کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے مناسب نشستوں کا انتظام، پویلین، روشنی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ان سہولیات سے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہتر اور سازگار ماحول میسر آنے کی توقع ہے۔اس موقع پر جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمان خان نے کہا کہ اتھارٹی نے اس سے قبل سینیٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم، بابا بزنجو فٹ بال اسٹیڈیم اور سرگ دل فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر، توسیع اور تزئین و آرائش کیلئے جامع منصوبہ تیار کرلیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ شعبے کو ہدایت کی کہ آئندہ اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے، تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے گراؤنڈ کو بہترین حالت میں برقرار رکھا جائے اور کھلاڑیوں کو ممکنہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل معین الرحمان خان نے ینگ جان والی بال اور فٹسال گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا اور جی ڈی اے کی جانب سے مکمل کیے گئے تعمیراتی، توسیعی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر میر دودا خان مری، سیاسی و سماجی شخصیت اور ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر میر ارشد کلمت بھی موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق دورے کے دوران میر کلمت انٹر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ اسپورٹس فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دو روزہ اسپورٹس فیسٹیول آئندہ دو روز کے دوران ینگ جان والی بال اور فٹسال گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *