بہاولپور کے ضمنی الیکشن میں شیر کیلئے ووٹ مانگیں گے‘ پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی صدر زرداری

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کو بھرپور سپورٹ کریں گے اور شیر کے لیے ووٹ بھی مانگیں گے،2024 کے الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ایک بات طے ہوئی تھی کہ جہاں پر ضمنی الیکشن ہوگا وہاں پر پہلے دیکھا جائے گا کہ یہاں پر جنرل الیکشن میں رنر اپ کون سی پارٹی کا تھا، اگر پیپلزپارٹی کا ہوگا تو وہ ضمنی الیکشن لڑے گی، اگر (ن)لیگ کا ہوگا تو وہ ضمنی الیکشن لڑے گی۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے بھی اس فارمولے پر عمل کیا، ملتان، مظفرگڑھ جہاں ضمنی الیکشن ہوئے وہاں (ن)لیگ نے اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے، اسی فارمولے کو دیکھتے ہوئے بہاولپور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی، (ن)لیگ کو سپورٹ کرے گی، پیپلزپارٹی کے جیالے تیر کی جگہ شیر کو ووٹ دیں گے، میں (ن)لیگ کے حق میں بہاولپور میں انتخابی مہم بھی چلاؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاور شیئرنگ فارمولے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ طے تھا کہ جہاں پیپلزپارٹی کی نمائندگی ہے وہاں انہیں ان کا حصہ دیا جائے گا، مگر پاور شیئرنگ فارمولے پر عمل نہیں کیا گیا، ہمارے رنر اپس کو فنڈز نہیں دئیے گئے۔مجھ سے اور میرے بھائیوں سے پنجاب حکومت نے سکیورٹی واپس لے لی تھی، وہ سکیورٹی ہمیں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ملی تھی، لیکن میں نے دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے اس حوالے سے رجوع کیا، اب دوبارہ مجھے اور میرے بھائیوں کو کورٹ نے سکیورٹی واپس دے دی ہے، پولیس نے کیوں سکیورٹی واپس لی تھی، اس بات کا جواب ہمیں نہیں دیا گیا۔(ن)لیگ کی حکومت کا اگر ٹھیک طریقے کے ساتھ ہمارا ساتھ چلے گی تو 5 سال پورے کرے گی، اگر پیپلزپارٹی ساتھ نہیں دے گی تو یہ حکومت نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کہیں نہیں جارہے، صدر زرداری بطور صدر کوئی مراعات نہیں لیتے، وہ تنخواہ بھی نہیں لیتے، ان کا تو کوئی سامان بھی ایوان صدر میں نہیں ہے، ان کو تو سامان پیک کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، وہ ویسے ہی آجائیں گے، اگر وہ گھر آئیں گے تو سب کو گھر آنا پڑے گا۔چیئرمین بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو کی شادی دھوم دھام سے کریں گے، ہر جگہ خوشیاں ہوں گی، بلاول بھٹو ہمارے بھائی ہیں اور چیئرمین بھی ہیں،ان کی شادی کو بھی اتنی پذیرائی ملے گی جتنی بے نظیر بھٹو کی شادی کو ملی تھی، ہم ملتان سے آتش بازی شروع کریں گے، جو پورے پاکستان میں ہوگی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بننے چاہئیں لیکن جن صوبوں کے حوالے سے اسمبلی سے قراردادیں پاس ہوچکی ہیں وہ پہلے بننے چاہئیں، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبہ بنانا چاہیے، سندھ صوبوں کی تقسیم کے خلاف ہے اور سندھ اسمبلی نے صوبوں کی تقسیم کے خلاف قرارداد بھی منظور کی ہے۔پنجاب بڑا صوبہ ہے، اس کی چودہ کروڑ آبادی ہوچکی ہے، اتنے بڑے صوبے کو گورننس کرنے کے مسائل آرہے ہیں، لہٰذاجنوبی پنجاب کا صوبہ بنانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *