قومی ٹیم کی جیت کا تناسب 24 فیصد سے 73 فیصد پر چلا گیا، چیئرمین پی سی بی

لندن (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ  کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم پر بے جا تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ قومی ٹیم کی جیت کا تناسب 24 فیصد سے 73 فیصد پر چلا گیا۔ایک انٹرویو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ جب سے نئے کوچز آئے ہیں قومی ٹیم ون ڈے میں آٹھویں سے پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی میں نویں سے چھٹی پوزیشن پر آگئی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ٹیم گزشتہ چھ ون ڈے سیریز میں سے چار میں فاتح رہی لیکن تنقید کرنے والے کہتے ہیں کہ پاکستان کی کرکٹ ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے نئے کوچز آئے ہیں ہمارا جیت کا تناسب مجموعی طور پر 24 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہوگیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شکست پر تنقید کرنا سب کا حق ہے لیکن وہ کھلاڑی جنہوں نے کبھی کچھ نہیں کیا ان کا ٹیم پر تنقید کرنا مناسب نہیں، کھلاڑیوں کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے۔محسن نقوی نے اعتراف کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی بہت بری ہے اور کارکردگی سے ہٹ کر بھی اس کی بہت سی وجوہات ہیں جو ابھی منظر عام پر نہیں لائی جاسکتیں۔انہوں نے کہاکہ ابھی بہت بہتری کی ضرورت ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ تین مہینے میں ٹیم نویں یا چھٹے نمبر سے پہلی پوزیشن پر آجائے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا جنوبی افریقا کا نمیبیا سے ہارنا اور بھارت کا آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کھانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو ہر میچ میں کامیابی کی ضمانت حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو مجھ سے بغض ہے تو مجھ پر تنقید کرے لیکن کرکٹ کو نشانہ مت بنائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *