زیارت کی ترقی سے متعلق منصوبوں میں معیار، شفافیت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے اور ترقیاتی اقدامات کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنائی جائے،صوبائی وزیر نورمحمد دمڑ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی زیرِ صدارت زیارت ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ZVDA) کی گورننگ باڈی کا تیسرا اجلاس محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات حکومتِ بلوچستان کے کمیٹی روم کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں زیارت ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی کے اراکین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں زیارت ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق مختلف اہم امور، علاقے کی ترقی، سیاحت کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ زیارت بلوچستان کا اہم سیاحتی اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے، جس کی ترقی اور خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے یہاں سیاحوں اور مقامی آبادی کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ زیارت ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے علاقے کی منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ زیارت کی ترقی سے متعلق منصوبوں میں معیار، شفافیت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے اور ترقیاتی اقدامات کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے موثر حکمتِ عملی اپنائی جائے اجلاس میں زیارت کے ترقیاتی امور اور اتھارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی اہم امور زیرِ غور آئے، جبکہ متعلقہ حکام نے مختلف معاملات پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ زیارت کی ترقی نہ صرف مقامی آبادی بلکہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے، حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے زیارت کو مزید ترقی یافتہ اور سیاح دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *