بلوچ خواتین ہماری ثقافت، تعلیم اور سماجی اقدار کی مضبوط بنیاد ہیں،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء  اللہ لانگو

کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء  اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچ خواتین ہماری ثقافت، تعلیم اور سماجی اقدار کی مضبوط بنیاد ہیں، جنہوں نے نئی نسل کی تعلیم و تربیت، روایات کے تحفظ اور معاشرے میں وقار، عزت اور مثبت اقدار کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے خواتین ونگ کے رہنماوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین نہ صرف اپنے خاندان کی طاقت ہیں بلکہ بلوچستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی امید بھی ہیں خواتین کی تعلیم، ترقی اور بااختیاری کے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی ممکن نہیں بلوچستان کی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور صوبے کی ترقی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مزید فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ خواتین کی تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے لیے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *