لسبیلہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی

اوتھل (ویب ڈیسک) ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے کہا ہے کہ لسبیلہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، لسبیلہ ایک پْرامن ضلع ہے اور اس کے روایتی امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ منشیات سمیت تمام معاشرتی برائیوں کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سٹی پریس کلب اوتھل شفیق چنہ اور صدر عبد الغنی سومرو کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں نائب صدر خدابخش عرف کے بی خاصخیلی، جنرل سیکریٹری عبدالحمید شاہین، ڈپٹی جنرل سیکریٹری جاوید لاسی، محمد حنیف چنہ اور صابر حسین مگسی شامل تھے۔ایس ایس پی نجیب اللہ پندرانی نے کہا کہ لسبیلہ کے لوگ روایتی طور پر پْرامن، شریف اور امن پسند ہیں۔ عوام کے لیئے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ شہری پولیس سے متعلق شکایات، مسائل اور تجاویز کے لیے براہِ راست ان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات جیسی معاشرتی برائی اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے، صحافی معاشرتی برائیوں اور جرائم کی نشاندہی کریں۔لسبیلہ پولیس قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کرے گی۔ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے ساتھ اچھے برتاؤ سے پیش آئیں۔ عوام سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تھانے داری ایسے افسران و اہلکاروں کو دی جاتی ہے جو اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ گٹکا اور ماوا کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کوشش ہے کہ اس نقصان دہ لت کا بتدریج خاتمہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ باغات اور کرایہ داروں کا کافی ڈیٹا جمع کیا جا چکا ہے۔ جبکہ نئے آنے والے کرایہ داروں اور باغات میں کام کے لیے آنے والے ہاریوں کا ڈیٹا بھی گھر اور باغ مالکان پولیس کو فراہم کریں تاکہ جرائم کے سدباب اور امن و امان کے قیام میں مزید مدد مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *