راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، ہائی الرٹ جاری

اسلام آباد[ویب ڈیسک]راولپنڈی/اسلام آباد جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے بعد ریسکیو اور انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔حکام کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 28 فٹ تک پہنچ گئی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کٹاریاں میں پانی کی سطح انخلا کے مقررہ 20 فٹ کے معیار سے آٹھ فٹ بلند ہو چکی ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیسن میں مجموعی طور پر 126.35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شمس آباد میں 197 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 184 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ گولڑہ میں 157 ملی میٹر، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 151 ملی میٹر، سیدپور میں 98 ملی میٹر، پیرودھائی میں 86 ملی میٹر جبکہ بوکڑا اور کچہری میں 72، 72 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔واسا ، ریسکیو 1122 اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا جا سکے۔انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف رہنے والے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور اضطراری صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *