بلوچستان کی مخدوش صورتحال میں غیر ذمہ دارانہ بیانات جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہیں، سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کی مخدوش صورتحال میں غیر ذمہ دارانہ بیانات جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہیں، ذمہ دار عہدوں اور پوزیشنز پر موجود لوگوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، کیونکہ آج صوبہ جس سنگین اور مخدوش صورتحال کا سامنا کر رہا ہے اس میں غیر ذمہ داری کا عنصر سب سے اہم مسئلہ بن چکا ہے۔ ستر کی دہائی سے لے کر آج تک بلوچستان کے مسئلے کو حقیقت پسندانہ انداز میں حل کرنے اور سیاسی لچک کا مظاہرہ کرنے کے بجائے اسے انا کا مسئلہ سمجھنے والے عناصر نے حالات کو اس نہج تک پہنچایا ہے۔ صوبے کے موجودہ حالات کسی صورت تسلی بخش نہیں، شورش، بدامنی اور غیر یقینی کی کیفیت کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھ رہی ہے، خواتین کا اس جنگ میں داخل ہونا اور جنگ کا پہاڑوں سے نکل کر بازاروں اور شہری علاقوں تک منتقل ہونا صورتحال کی سنگینی اور پیچیدگی کا واضح اظہار ہے۔ اس مسئلے کا اول و آخر حل باہمی گفت و شنید، سیاسی مکالمے اور بامعنی مذاکرات میں ہے، اس کے بغیر اختیار کیا جانے والا ہر دوسرا آپشن نہ صرف غیر موزوں ہوگا بلکہ حالات کو مزید پیچیدہ کرسکتا ہے۔ جمعیت علماء  اسلام اپنے سیاسی تحفظات کے باوجود صوبے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کرچکی ہے اور سمجھتی ہے کہ اس حوالے سے سب سے بنیادی ضرورت اعتماد سازی کی ہے، حکومت اور تمام متعلقہ فریقین کو انا، ضد اور تصادم کے بجائے سنجیدگی، تدبر اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات اور اعتماد سازی کے عمل کو آگے بڑھانا ہوگا، کیونکہ بلوچستان کے مسئلے کا پائیدار حل طاقت اور تصادم میں نہیں بلکہ سیاسی بصیرت، باہمی اعتماد اور سنجیدہ و بامقصد مذاکرات میں مضمر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *