نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ(ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ضروری ہے کہ انہیں درست سمت، معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ نوجوانوں کی مخصوص نفسیات اور اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنا ناگزیر ہے۔ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہم نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں نمائندگی کی۔ وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا کے سامنے بلوچستان کے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں، امنگوں اور مستقبل کے حوالے سے ان کے خوابوں کو اجاگر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو مستقبل کے معمار ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں برابر کے شراکت دار سمجھتے ہیں۔ نوجوانوں کو اعتماد میں لے کر ان کی مایوسی کے خاتمے، باعزت روزگار کی فراہمی اور جدید مواقع تک رسائی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر جعفرخان نے کہا کہ میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنائے بغیر ہم عوام بالخصوص نوجوانوں کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتے۔ نوجوان طبقے کی بنیادی ضروریات، ترجیحات اور مسائل کا درست ادراک حاصل کرنا اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے نئے پروگرامز ڈیزائن کرنے کا مقصد نوجوانوں کو صرف ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے انہیں ہنرمند، خودمختار اور روزگار پیدا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں کی فراہمی کے پروگرامز میں بھی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جن میں پروفیشنل ٹریننگ، آن لائن انفارمیشن ٹیکنالوجی کورسز اور میڈیکل ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔ ان پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی اور عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے روزگار کے مواقع کیلئے تیار کیا جائے گا۔ گورنر جعفر خان مندوخیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کریں، علم و ہنر کے حصول کو اپنی ترجیح بنائیں، اپنی حب الوطنی کو عملی خدمت میں تبدیل کریں اور ملک و قوم تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *