یوگنڈا پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری کا خواہاں ہے،ناظم الامور پاکستان اور یوگنڈا کے تجارتی تعلقات کو سفارتی روابط سے آگے لے جانا ہوگا، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد(کامرس ڈیس)یوگنڈا نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو زراعت، معدنیات، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے  ٹیکس مراعات اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہِ راست کاروباری روابط کے فروغ کے لیے پاکستان-یوگنڈا بزنس فورم کے قیام اور پاکستانی کاروباری وفد کو اکتوبر میں یوگنڈا کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔یہ بات یوگنڈا کے ناظم الامور ماتاتا توہا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں ہفتہ کے روز منعقدہ ایک انٹرایکٹو بزنس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یوگنڈا پاکستانی کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے، پیداواری مراکز کا دورہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات موجود ہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ ان مضبوط تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوگنڈا کی Economic and Commercial Diplomacy Strategy 2025کے تحت اس کی سفارتی نمائندگیوں کو دوست ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری وفود اور اقتصادی تعاون کے فروغ کا واضح مینڈیٹ دیا گیا ہے۔انہوں نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اکتوبر میں ایک ہفتے کے لیے یوگنڈا کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ وفد کے لیے بزنس فورم کے ساتھ ساتھ چائے، کافی، کوکو، کپاس اور دیگر زرعی اجناس کے فارمز اور پیداواری مراکز کے دورے کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد مقامی پروڈیوسرز سے براہِ راست ملاقات، مصنوعات کے معیار کا جائزہ اور ان کی تجارتی صلاحیت کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ماتاتا توہا نے تجویز دی کہ آئی سی سی آئی اور یوگنڈا چیمبر آف کامرس کے درمیان چیمبر ٹو چیمبر رابطے کا مستقل میکنزم قائم کیا جائے، جس کے تحت کاروباری معلومات کا تبادلہ، مفاہمت کی یادداشتوں کے مسودوں کا تبادلہ اور بعد ازاں ادارہ جاتی تعاون کو باضابطہ شکل دی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *