ضلع ژوب کے کمسن طالب علم بریال خان مندوخیل کے اغوا کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی  

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز  میں ضلع ژوب کے کمسن طالب علم بریال خان مندوخیل کے اغوا کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ معافی اور سنگین مجرمانہ اقدام قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی طالب علم کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور اغوا کی واردات میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ڑوب اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کافی عرصے سے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں مبینہ طور پر سرگرم ہے، جس کے باعث علاقے کے عوام میں شدید تشویش اور عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔ ژوب کے عوامی نمائندہ حلقوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین کی جانب سے ضلعی و صوبائی انتظامیہ کو اس جرائم پیشہ گروہ کی سرگرمیوں اور عوام کو درپیش خطرات سے بارہا بروقت آگاہ کیا جاتا رہا ہے، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس حوالے سے مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ کمسن طالب علم بریال خان مندوخیل کو دن دہاڑے اغوا کیا جانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور انتظامی رٹ کے حوالے سے کئی
 سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ایسے واقعات سے نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے بلکہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم اور روزمرہ نقل و حرکت کے حوالے سے بھی شدید اضطراب کا شکار ہوتے ہیں۔ بیان میں  کہا  ہے  کہ ضلع ڑوب کے عوام کا دیرینہ اور جائز مطالبہ ہے کہ علاقے میں سرگرم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا کہ اغوا کے واقعے میں ملوث گروہ کے ایک مبینہ  بدکار ملزم کی گرفتاری عمل میں آنے کے باوجود دیگر ملزمان اور پورے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مغوی طالب علم بریال خان مندوخیل کی فوری بازیابی کو یقینی بنائیں اور اغوا میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ضلع ڑوب میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے سدباب کے لیے محض اعلانات کے بجائے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر آپریشن کرکے ان کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کریں اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کریں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا کہ کمسن طالب علم بریال خان مندوخیل کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرایا جائے، اغوا کاروں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے اور واقعے میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب عناصر کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *