Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام صوبہ بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی واحد ایسی اکثریتی عوامی نمائندہ جماعت ہے جس کی سیاست وقتی مفادات، اقتدار کی کشمکش یا ذاتی مراعات کے بجائے دینِ اسلام کی سربلندی، عوامی حقوق کے تحفظ، آئین و جمہوریت کی پاسداری اور اصولی سیاست سے عبارت رہی ہے۔ بلوچستان کے طول و عرض میں جمعیت علماء اسلام کی طویل سیاسی جدوجہد، عوام کے ساتھ اس کا مسلسل رابطہ اور ہر مشکل گھڑی میں عوام کے درمیان موجودگی اس امر کی واضح گواہی ہے کہ جمعیت نے کبھی اپنے اصولوں اور عوامی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار سے مسلسل جمعیت علماء اسلام کو سیاسی طور پر دیوار سے لگانے، اس کے عوامی مینڈیٹ کو کمزور کرنے اور حقیقی عوامی نمائندوں کا راستہ روکنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، مگر اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے فیصلہ ساز آج بھی نوشتہ? دیوار پڑھنے سے قاصر ہیں؛ عوامی مینڈیٹ کو مصنوعی طریقوں سے تبدیل کیا جاسکتا ہے، عوام کے دلوں سے کسی جماعت کی مقبولیت اور اعتماد کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی عوامی نمائندوں کے مقابلے میں غیر مقبول اور عوام سے کٹے ہوئے افراد کو اسمبلیوں تک پہنچانے کا نتیجہ آج پوری قوم کے سامنے ہے، کیونکہ ایسے نمائندے نہ صرف عوام کو درپیش بنیادی مسائل، محرومیوں اور مشکلات سے بے خبر ہیں بلکہ ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی، سیاسی بصیرت اور عملی صلاحیت سے بھی محروم دکھائی دیتے ہیں۔ بلوچستان میں بدامنی، بے روزگاری، معاشی بدحالی، بنیادی سہولیات کی قلت، تعلیم و صحت کے مسائل، زراعت و تجارت کی تباہی اور عوامی بے چینی کسی ایک دن یا ایک واقعے کا نتیجہ نہیں بلکہ مسلسل غلط پالیسیوں، کمزور حکمرانی اور عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کرنے کا منطقی انجام ہے، جس کی ذمہ داری ان ہی عناصر پر عائد ہوتی ہے جو عوامی اعتماد کے بغیر اقتدار کے ایوانوں میں مسلط کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے ہر ضلع، ہر تحصیل، ہر طبقے اور معاشرے کے مختلف طبقات میں یکساں طور پر منظم، متحرک اور مقبول جماعت ہے؛ عوام نے ہر دور میں جمعیت کی اصولی سیاست، قربانیوں اور ثابت قدمی کو تسلیم کیا ہے۔ بلوچستان کے موجودہ بحران کا حل عوام کے حقیقی مینڈیٹ کا احترام، سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی، آئین و قانون کی بالادستی، شفاف جمہوری عمل اور اہل و باصلاحیت قیادت کو آگے لانے میں ہے، اور جمعیت علماء اسلام اس جدوجہد کو عوامی حقوق، صوبائی خودمختاری، امن، ترقی اور انصاف کے لیے ہر سطح پر جاری رکھے گی۔