چارسدہ پولیس کا جرائم کے خلاف کریک ڈاﺅن، سینکڑوں ملزمان گرفتار

چارسدہ (ویب ڈیسک)ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ رفعت اللہ خان (پی ایس پی )کی زیرنگرانی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے و نمائش کرنے والوں کے خلاف جاری کریک ڈان کے دوران پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد مقدمات درج کرکے سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ، نقدی اور مسروقہ و چھینی گئی گاڑیاں برآمد کی گئیں۔پولیس کے مطابق اندھے قتل کے 9 مقدمات میں 29 ملزمان، رہزنی کے 7 مقدمات میں 11، نقب زنی کے 13 مقدمات میں 9، چوری کے 8 مقدمات میں 7، موٹر سائیکل چوری کے 14 مقدمات میں 9، موٹر سائیکل چھیننے کے 10 مقدمات میں 7 جبکہ دیگر چھیننے کے 2 مقدمات میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 24 لاکھ 30 ہزار 9 روپے نقد رقم، 11 موٹر سائیکلیں اور ایک چنگ چی رکشہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب 296 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 67 مقدمات درج کرکے 74 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 40 کلوگرام چرس، 5 کلوگرام 683 گرام آئس، 722 گرام افیون اور 9 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائیوں میں 574 مقدمات درج کرکے 597 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 45 رائفلیں، 37 بندوقیں، 50 کلاشنکوفیں، 648 پستول، 3 دستی بم اور مختلف بور کے 10 ہزار 346 کارتوس برآمد کیے گئے۔ضلعی پولیس سربراہ رفعت اللہ خان نے کہا ہے کہ چارسدہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ اور ضلع میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *