نوشہرہ پریس کلب میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس، میاں عمر کاکاخیل سمیت علما و شہریوں کی شرکت

نوشہرہ (ویب ڈیسک)عشرہ رحم للعالمین ﷺ کے اختتام پر نوشہرہ پریس کلب میں عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی مشیر زراعت میاں عمر کاکاخیل نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں علمائے کرام، شہریوں، طلبہ، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب صوبائی حکومت کی ہدایت پر منعقد کی گئی، جس کا مقصد نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت طیبہ، اسوہ حسنہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔کانفرنس میں ضلعی انتظامیہ کے ترجمان لئیق احمد، صدر نوشہرہ پریس کلب حافظ تفہیم الرحمان، جامعہ دارالقرآن کشتی پل کے مہتمم قاری ظہور احمد سمیت علمائے کرام اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی زندگی پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر زراعت میاں عمر کاکاخیل نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے محض تاریخی واقعہ نہیں بلکہ عملی زندگی گزارنے کا مکمل ضابطہ ہے۔ ہمیں اپنی زندگی رسول اللہ ﷺ کی ہدایات اور تعلیمات کے مطابق گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسوہ حسنہ ہمارے لیے بہترین رول ماڈل ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے عدل، انصاف، رحم، برداشت، اخوت، مساوات، امانت، دیانت اور حسن اخلاق کا ایسا عملی نمونہ پیش کیا جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ اگر ہم ان تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں تو معاشرے میں امن، رواداری، بھائی چارے اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔میاں عمر کاکاخیل نے کہا کہ آج کے دور میں سیرت النبی ﷺ کو صرف تقریبات اور محافل تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے عملی پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ نبی کریم ﷺ نے انسانوں کے ساتھ حسن سلوک، کمزوروں کے حقوق، پڑوسیوں کے احترام، والدین کی خدمت، بچوں سے شفقت اور معاشرے میں عدل و انصاف کا درس دیا۔ ہمیں ان تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی میں اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین، اساتذہ، علما اور معاشرے کے تمام ذمہ دار طبقات پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کی سیرت اور کردار سے آگاہ کریں تاکہ وہ آپ ﷺ کو اپنا حقیقی رول ماڈل بناتے ہوئے باکردار اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔جامعہ دارالقرآن کشتی پل کے مہتمم قاری ظہور احمد نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کی رحمت، شفقت، عفو و درگزر اور حسن اخلاق کے مختلف واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ نے انسانوں کو جہالت، ظلم اور ناانصافی کے اندھیروں سے نکال کر توحید، عدل، اخلاق اور انسانیت کی روشنی عطا فرمائی۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ عبادات سے لے کر معاملات، تجارت سے لے کر معاشرت، حکمرانی سے لے کر عام انسانوں کے ساتھ حسن سلوک تک، آپ ﷺ کی پوری زندگی اسوہ حسنہ ہے۔صدر نوشہرہ پریس کلب حافظ تفہیم الرحمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت معاشرے کی اصلاح اور مثبت شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنا صرف علما یا مذہبی طبقات کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ نبی کریم ﷺ کی تعلیماتِ رحمت، امن، برداشت، اخوت اور انسانیت کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ نوشہرہ پریس کلب میں ایسی تقریبات کا انعقاد اس عزم کا اظہار ہے کہ صحافتی ادارے معاشرتی، اخلاقی اور قومی شعور کی بیداری میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے عشرہ رحم للعالمین ﷺ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو معاشرے کے ہر طبقے، خصوصا نوجوان نسل تک پہنچانے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔تقریب میں علمائے کرام نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت، نفرت اور باہمی اختلافات کے خاتمے کے لیے ہمیں سیرت رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے اور آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت و تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے اور نئی نسل تک اس کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *