پولیس فورس میں نظم و ضبط، فرائض کی انجام دہی اور محکمانہ قواعد کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا

ڈیرہ مراد جمالی (ویب ڈیسک) ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا کی جانب سے اردلی روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں رینج کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران و ملازمین نے شرکت کی اور اپنے درپیش محکمانہ و ذاتی مسائل پیش کیے۔دورانِ اردلی روم مختلف پولیس ملازمین کے خلاف زیرِ التواء محکمانہ کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان میں فرائض میں غفلت، لاپرواہی اور محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزامات پر جاری کیے گئے شوکاز نوٹسز شامل تھے۔ ڈی آئی جی نصیرآباد رینج نے متعلقہ ریکارڈ اور ملازمین کے مؤقف کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہر کیس کا فیصلہ محکمانہ قواعد کے مطابق کیا۔محکمانہ کارروائی کے نتیجے میں 3 ملازمین کو ایک سالانہ انکریمنٹ ضبط کرنے کی سزا سنائی گئی، جبکہ 5 دیگر ملازمین کے شوکاز نوٹسز ان کی تسلی بخش کارکردگی اور وضاحت کو مدنظر رکھتے ہوئے فائل کر دیے گئے۔ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس میں نظم و ضبط، فرائض کی انجام دہی اور محکمانہ قواعد کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *