عیدمیلاد النبیﷺ کے موقع پردرگاہ حضرت بل میں ہزاروں عقیدت مندوں کی حاضری

سرینگر(کشمیر ڈیسک)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پرہزاروں عقیدت مندوں نے شبینہ نوافل ادا کرنے کے لیے سرینگر کی درگاہ حضرت بل کا رخ کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عقیدت مندوں نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفےٰﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جسے عام طور پر عید میلاد النبیﷺکہا جاتا ہے، مقدس درگاہ میں حاضری دی۔ عید میلاد کی شب نوافل ادا کرنے کے لیے مرد و خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ درگاہ پر پہنچے۔ اگرچہ پورے مقبوضہ جموں وکشمیر کی مساجد اور در گاہوں میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، تاہم درگاہ حضرت بل عقیدت مندوں کی خاص توجہ کا مرکز رہتی ہے کیونکہ یہاں رسول اکرم ﷺ کا موئے مقدس موجود ہے۔عید میلاد النبیﷺاسلامی کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول کو منائی جاتی ہے اور اس موقع پر عقیدت مند رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات، قربانیوں اور اسوۂ حسنہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر لوگوں نے امن، خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی قبضے اور ہندوتوا فرقہ پرستی سے آزادی کے لیے دعائیں کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *