ملین ڈالر میں بجلی کے جھٹکے دینے والے 6 ہزار دستانے، آئی سی ای کا متنازع معاہدہ یہ آلات ایسے حالات میں استعمال کیے جائیں گے جہاں کوئی شخص ہدایات ماننے سے انکار کرے

واشنگٹن(انٹر نیشنل ڈیسک) امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ(آئی سی ای)نے گرفتاریوں، زیر حراست افراد کی منتقلی اور ہجوم پر قابو پانے کے دوران استعمال کے لیے بجلی کے جھٹکے دینے کی صلاحیت رکھنے والے 6 ہزار جوڑے خصوصی دستانوں کی خریداری کا 16.7 ملین ڈالر کا معاہدہ منظور کر لیا ہے۔وفاقی ریکارڈ کے مطابق اس معاہدے کا نمبر 70CMSW26C00000012 ہے اور یہ کینٹکی میں قائم کمپنی کمپلائینٹ ٹیکنالوجی ایل ایل سی کو دیا گیا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے جسم پر پہنے جانے والے برقی کنٹرول آلات تیار کرتی ہے۔معاہدے میں صرف دستانوں کی فراہمی ہی شامل نہیں بلکہ متعلقہ آلات، تکنیکی معاونت اور دیگر خدمات بھی شامل ہیں، جبکہ خریداری کا عمل تقریبا چھ ماہ کے دوران مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔یہ دستانے عام حفاظتی یا گشتی دستانوں کی طرح استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان میں ایک برقی نظام بھی موجود ہے جسے اہلکار ضرورت پڑنے پر فعال کر سکتا ہے۔ فعال ہونے کے بعد یہ دستانے براہِ راست انسانی جلد سے رابطے پر تکلیف دہ برقی جھٹکا دے سکتے ہیں۔آئی سی ای کے مطابق یہ آلات ایسے حالات میں استعمال کیے جائیں گے جہاں کوئی شخص ہدایات ماننے سے انکار کرے، جسمانی مزاحمت کرے یا اہلکاروں کے لیے قابو پانا مشکل ہو جائے۔ادارے کا کہنا تھا کہ یہ دستانے گرفتاری، مزاحمت کرنے والے زیرِ حراست افراد کی منتقلی، حراستی مراکز کے باہر ہنگامی صورتحال اور دیگر کشیدہ حالات میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔آئی سی ای کا موقف ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا مقصد اہلکاروں کو ایسا درمیانی درجے کا اختیار فراہم کرنا ہے جس سے بعض مواقع پر زیادہ شدید طاقت کے استعمال سے گریز ممکن ہو سکے۔ادارے کے مطابق یہ دستانے ایسے افراد کے خلاف استعمال کیے جا سکتے ہیں جو فعال یا غیر فعال مزاحمت کر رہے ہوں۔اسی طرح ایسے زیرِ حراست افراد کو قابو کرنے میں بھی یہ مددگار قرار دیے گئے ہیں جو اپنے ہاتھ چھپا رہے ہوں، جارحانہ رویہ اختیار کریں یا فرار کی کوشش کریں۔اس معاہدے نے صرف اپنی بھاری مالیت کے باعث ہی نہیں بلکہ اس ٹیکنالوجی کی نوعیت کے سبب بھی توجہ حاصل کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *