صوبے بھر میں تین ہفتوں کے دوران 43 اشتہاری، 296 مفرور اور مختلف جرائم میں ملوث 466 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، ترجمان بلوچستان پولیس

کوئٹہ(ویب ڈیسک) ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایت پر کوئٹہ سمیت صوبے کی ساتوں رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس ر کھنے اور قانون پسند شہری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی مہم جاری ہے۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے ایک پریس ریلیز کے مطابق صوبے بھر میں اشتہاریوں،مفرور ملزمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 43 اشتہاری، 296 مفرور اور مختلف جرائم میں ملوث 466 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ18 مغویوں کو بھی بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔جبکہ مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرتے ہوئے 102 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 80 ریوالور و پسٹل، 8 کلاشنکوف، 6 شارٹ گن ورائفل، 682 گولیاں اور کارتوس جبکہ 55 میگزین بھی برآمد کیے گئے۔ بلوچستان پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 86 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 165 کلو 388 گرام چرس،3 کلو 854گرام آئس شیشہ، 8بیگس گٹکا, 15 گرام ہیروئن، 106 عدد شراب کی بوتلیں اور 60 عدد بیئر کین برآمد کیں۔ بلوچستان پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 4 مسروقہ گاڑیاں، 14 موٹر سائیکلیں اور 15 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔ پریس ریلیز کے مطابق دفعہ550کی خلاف ورزی پر 9گاڑیوں اور موٹر سائیکلیوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ 4576 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔ترجمان کے مطابق عوام کے تحفظ کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی اور قانونی عملداری کو قائم رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی عوام اور پولیس کے مابین تعاون کی فروغ کے لئے پولیس اہلکاروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام پر مبنی رویہ اپنانے جبکہ تھانوں کی سطح پر سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے و شفاف سطح پر کارروائی کی بھی ہدایات کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *