صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی کارکردگی عوام پر روز روشن کی طرح عیاں ہے،سیدجہانگیرشاہ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سیدجہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی نے خاران میں اڑھائی سال کے دوران ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس سے علاقے کے عوام مستفید ہورہے ہیں،بعض افراد صوبائی وزریر کے خلاف منفی اور جھوٹا پروپیگنڈہ کررہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے مسلم لیگ(ن) کے کارکن اپنے وزراء کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما و صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی کارکردگی عوام پرروز روشن کی طرح عیاں ہے جنہوں نے محکمہ خزانے میں میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جس سے درجنوں گھروں کے چولہے جل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میر شعیب نوشیروانی مسلم لیگ(ن) کا اثاثہ ہیں انکی کارکردگی سے علاقے کے عوام مطمئن ہیں لیکن بعض دیگر ڈسٹرکٹ کے افراد انکی کارکردگی کے خلاف منفی اور جھوٹے بیانات دے رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک امن وا ما ن کا مسئلہ ہے وہ صرف خاران ہی کا نہیں بلکہ پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے اور صوبے میں حالات اسوقت خراب ہیں پولیس اور سیکورٹی فورسز امن وا مان کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں اورجلد ہی صوبے میں امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اپنے پارٹی وزراء کے خلاف بیان بازی کی بجائے اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ پارٹی کے اندر بیٹھ کر حل کریں۔انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان و مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل مسلم لیگ(ن) کے ایک ڈسٹرکٹ کے صدر کی جانب سے دوسرے ڈسٹرکٹ میں مداخلت کا نوٹس لیں اورانکے خلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت کارروائی عمل میں لائیں۔ انہو ں نے کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ہمیشہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں اورعوام کو عزت دی ہے اورانکے جائز کام میرٹ پر کئے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورانہیں بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *