صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ کرغزستان کے یومِ آزادی پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ کرغزستان کے یومِ آزادی کے موقع پر کرغزستان کے صدر صادِر ژاپاروف اور کرغزستان کے برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی خط میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ اپنے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر قائم ہیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جولائی 2026ء میں کرغزستان کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ذکر کیا کہ اس دورے سے 1995ء میں کرغزستان کے انکے پہلے دورے کی خوشگوار یادیں تازہ ہوئیں اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اور قیمتی موقع ملا۔ انہوں نے صدر صادِر ژاپاروف کے دسمبر 2025ء میں پاکستان کے دورے کے خوشگوار لمحات کو بھی یاد کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں مواقع پر ہونے والی مفید بات چیت سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان اور کرغزستان کے مشترکہ عزم کی ایک بار پھر توثیق ہوئی۔صدر پاکستان نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ صدر صادِر ژاپاروف کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی روابط جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *