صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ کی ملاقات

اسلام آباد [ویب ڈیسک]صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ سیف الدین نصوتیون بن اسماعیل نے اپنے وفد کے ہمراہ ۔ایوانِ صدر میں ملاقات کی ۔ صدرِ مملکت نے ملائیشین وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت، باہمی احترام اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر مبنی ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور تارکینِ وطن کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے شعبوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ۔صدرِ مملکت نے ادارہ جاتی تعاون خصوصا داخلی، سلامتی، امیگریشن ، قانونی اور عدالتی امور میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون سے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ صدرِ مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک مزید رسائی کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان مصنوعات میں چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک شامل ہیں، جن کی ملائیشیا میں طلب موجود ہے۔ملائیشیا کے وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو بتایا کہ موجودہ سال پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کا 69واں سال ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات 1957ء میں ملائیشیا کی آزادی کے بعد میں قائم ہوئے تھے۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف شہروں اور ملائیشیا کے درمیان ہفتہ وار چودہ پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ پروازوں کی تعداد مزید بڑھانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔صدرِ مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملائیشین وزیر کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ دیرینہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *