شہر میں چوری، ڈکیتی کی مسلسل وارداتیں باعثِ تشویش ہیں، ترجمان تنظیم تاجران کاشف حیدری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے شہر کے مختلف علاقوں میں بلافاصلہ مسلسل پیش آنے والے چوری، ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان وارداتوں کے باعث شہریوں اور تاجروں میں تشویش بڑھ رہی ہے اور انہیں اپنے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں موبائل فون اور موٹر سائیکل چھیننے سمیت چوری اور ڈکیتی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو رہا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ تاجر برادری پہلے ہی مختلف معاشی مسائل سے دوچار ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ بازاروں، تجارتی مراکز اور شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر کیے جائیں۔ وارداتوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کروایا جائے، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی مناسب اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے، تاہم شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کا تحفظ متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے گشت اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری بلاخوف اپنی روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *