دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور بروقت کارروائیاں قابلِ فخر ہیں

کوئٹہ(ویب ڈیسک) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور بروقت کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔ امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں اس امر کا ثبوت ہیں کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ صوبے کے عوام نے ہمیشہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد میں آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے شاہد رند نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سفر روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششیں جاری ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں ریاست کے مضبوط عزم اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی اور بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *