دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور مؤثر حکمت عملی قابل تحسین ہے، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند

کوئٹہ(ویب ڈیسک) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور مؤثر حکمت عملی قابل تحسین ہے۔ ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گردوں کا خاتمہ ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کارروائیوں نے نہ صرف دہشت گرد نیٹ ورکس کو مؤثر ضرب لگائی بلکہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کو بھی ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی پائیدار صورتحال صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا ساتھ دیا ہے اور صوبے کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ دہشت گرد عناصر کی کارروائیاں بلوچستان کے عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم اسی عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے مکمل طور پر پاک کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *