جماعت اسلامی کا بلوچستان بھر میں یومِ احتجاج،بدامنی، بھتہ خوری،بدعنوانی، پٹرولیم مصنوعات پربھتہ خوری کے خلاف اورامن کیلئے احتجاج

کوئٹہ(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی بلوچستان، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی کال پر بلوچستان بھر میں بدامنی، بدعنوانی، بارڈرز اور شاہراہوں کی بندش،پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کے خلاف اور امن کے قیام کے لیے یومِ احتجاج منایا گیا۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیں، جن میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔مظاہرین نے بدامنی کے واقعات، ٹرکوں، بسوں اور عوامی املاک کو جلانے، لاشیں ملنے اور بے گناہ شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کی۔ احتجاجی مظاہروں میں حکومت، سکیورٹی اداروں اور مقتدر قوتوں کی نااہلی و ناکامی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء  نے مختلف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امن، تحفظ، انصاف، بارڈرز اور شاہراہوں کی بحالی، بھتہ خوری کے خاتمے اور عوام کے بنیادی حقوق کے مطالبات درج تھے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ بلوچستان کو اتنا تباہ و برباد کر دیا گیا ہے کہ آج عوام علاج، تعلیم، روزگار، بنیادی حقوق اور پینے کے صاف پانی کے بجائے صرف امن مانگ رہے ہیں۔ بدقسمتی سے امن قائم کرنے کے ذمہ دار ہی امن کے قیام میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ امن و امان قائم کرنے والے بعض عناصر غیرقانونی کاروبار، تجارت اور بھتہ خوری میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن اور صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی کال کے منتظر ہیں۔ ان شاء  اللہ قائدین کی کال اور حکم آتے ہی بلوچستان بھر میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن اور احتجاج سے گریز نہیں کیا جائے گا۔جماعت اسلامی کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت، سکیورٹی اور انصاف کے ادارے عوام کو امن و تحفظ فراہم کریں، شاہراہوں اور شہروں کو محفوظ بنایا جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلاو?، گھیراو? اور بدامنی کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو عوام حکمرانوں کا گھیراو کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کا فوری خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔ حکمرانوں، جرنیلوں، ججز، وی وی آئی پیز اور دیگر مراعات یافتہ طبقات کی مفت خوری اور لوٹ مار کا خاتمہ کیا جائے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حقیقی قومی قیادت،قومی میڈیا اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اہلِ بلوچستان کی بربادی اور تباہی کا تماشا دیکھنے کے بجائے اپنا آئینی و قومی کردار ادا کریں اور بلوچستان کے عوام کو امن، انصاف، تحفظ اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے مؤثر آواز اٹھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *