ترقیاتی منصوبوں میں غیر معیاری اور ناقص کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایکسین اریگیشن ڈیرہ بگٹی جنید کاکڑ

ڈیرہ بگٹی(ویب ڈیسک) ایکسین اریگیشن ڈیرہ بگٹی جنید کاکڑ نے تمام ٹھیکیداروں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر معیاری اور ناقص کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ ناقص کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف محکمانہ کارروائی اور لائسنس منسوخی کی سفارش کی جائے گی۔عوامی حلقوں کے مطابق جنید کاکڑ نے محکمہ اریگیشن میں معیار اور شفافیت کو ترجیح دیتے ہوئے ٹھیکیداروں کو پابند کیا کہ سرکاری منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان کے سخت مؤقف کے باعث مختلف علاقوں میں جاری ڈیمز اور آبی منصوبوں کے کام کے معیار میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنید کاکڑ ان افسران میں شامل ہیں جو کسی دباؤ یا سفارش کے بجائے اپنے فرائض کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کی نگرانی میں ڈیرہ بگٹی، بیکڑ، لوٹی شمبانی ڈیم، پھلاوغ اور دیگر علاقوں میں آبی منصوبوں پر کام ہوا، جس سے کئی علاقوں کے عوام کو پانی کی سہولت میسر آئی۔عوامی حلقوں نے ایکسین اریگیشن جنید کاکڑ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں کے لوگ پہلے پانی کے لیے مشکلات کا شکار تھے، وہاں اب ڈیمز اور آبی منصوبوں کی بدولت آبادی اور مقامی لوگوں کو پانی کی سہولت حاصل ہو رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *