تربت پریس کلب کا غیر مقامی یوٹیوبر ٹیم کے تربت دورے کے دوران مختلف شاہراہوں اور ر

تربت(ویب ڈیسک)تربت پریس کلب کا ایک غیر رسمی اجلاس صدر حافظ صلاح الدین سلفی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پریس کلب کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر مقامی یوٹیوبر ٹیم کے تربت دورے کے دوران مختلف شاہراہوں اور راستوں کی بندش، عام شہریوں کو درپیش مشکلات اور پریس کلب کے اراکین کو کلب آنے سے روکنے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ یوٹیوبر ٹیم کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے راستے بھی بند کیے گئے، جس کے باعث بعض صحافیوں کو پریس کلب کے عین سامنے سے واپس بھیجا گیا۔ شرکاء  نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی کو مبینہ طور پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے دھکا دیا گیا اور بدکلامی کی گئی، جبکہ ایک سینئر اہلکار کی جانب سے پریس کلب کے عہدیداران کے لیے مبینہ طور پر نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے۔اجلاس میں کہا گیا کہ جب غیر مقامی یوٹیوبر ٹیم کے پریس کلب دورے کا پروگرام طے کیا گیا تھا تو پریس کلب کی جانب سے تمام اراکین کے نام اور شناختی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی تھیں، اس کے باوجود پریس کلب کے راستے بند کرکے اراکین کو داخلے سے روکنا باعثِ حیرت ہے۔شرکاء  نے کہا کہ یوٹیوبرز کے دورے کے دوران مختلف شاہراہوں اور راستوں کی بندش سے عام شہریوں، طلبہ، کاروباری افراد، سماجی کارکنوں اور سرکاری ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جو قابلِ افسوس امر ہے۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تربت پریس کلب نے ہمیشہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے اور علاقے کی حساس سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر متعدد مواقع پر تعاون کرتے ہوئے بعض اوقات رپورٹنگ سے بھی گریز کیا ہے۔ پریس کلب آئندہ بھی سیکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تاہم صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی اور ان کے احترام کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تربت پریس کلب اس معاملے پر ایف سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گا اور واقعے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔اجلاس کے شرکاء  نے امید ظاہر کی کہ سیکیورٹی ادارے اور صحافتی برادری باہمی احترام، تعاون اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات سے گریز کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *