بلوچستان بھر میں بدامنی،بدعنوانی، لاقانونیت،راستوں وبارڈرز بندش،پٹرولیم مصنوعات پربھتہ کے خلاف،امن کیلئے 22اگست ہفتہ کویوم احتجاج منایاجائیگا، مولاناہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولاناہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان بھر میں بدامنی،بدعنوانی، لاقانونیت،راستوں وبارڈرزبندش،پٹرولیم مصنوعات پربھتہ کے خلاف،امن کیلئے 22اگست ہفتہ کویوم احتجاج منایاجائیگا۔ضلعی ہیڈکوارٹرز،پریس کلبزکے سامنے مظاہرے ریلیاں وجلسے منعقدکیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادرمیں تقاریب سے خطاب اوروفودسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بدامنی،شاہراہوں کی غیرمحفوظ صورتحال،پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری اور بارڈرز کی بندش جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، مگر حکمران اور متعلقہ ادارے عوامی مشکلات کے حل کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہیں عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے لیے محفوظ بنانا سیکورٹی فورسز وحکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ شاہراہوں پر لوٹ مار اور عدم تحفظ نے عوام کو شدید ذہنی اذیت اور معاشی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہیجبکہ بارڈرز کی بندش سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہورہا ہے۔22اگست کا یومِ احتجاج عوام کے جائز حقوق اور مسائل کے حل کے لیے پرامن اور بھرپور آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ جماعت اسلامی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور ظلم،ناانصافی، بدامنی، بھتہ خوری اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان، تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز، نوجوانوں اور تمام طبقاتِ زندگی سے اپیل کی کہ وہ 22 اگست کو پریس کلبزکے سامنے وپبلک مقامات پرمنعقدہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے حقوق کے لیے منظم، پرامن اور مؤثر آواز بلند کریں۔ جماعت اسلامی بلوچستان کا واضح مؤقف ہے کہ بلوچستان کے عوام کو امن، تحفظ، باعزت روزگار، آزادانہ تجارت اور بنیادی حقوق دیے جائیں۔ عوام کے مسائل حل کیے بغیر صوبے میں پائیدار امن اور ترقی ممکن نہیں۔ قبل ازیں جماعت اسلامی بلوچستان کے سیاسی کمیٹی وصوبائی ذمہ داران کااجلاس زاہداختربلوچ کی صدارت میں منعقدہواجس میں بلوچستان میں احتجاج جماعت اسلامی کے مرکزی کال پرجاری دھرنوں سمیت دیگرصوبائی صورتحال امن وامان،بدامنی،بارڈرز وسڑکوں کی بندش کے حوالے سے مشاورت وفیصلے کیے گیے اجلاس میں صوبائی نائب امراء  بشیر احمد ماندائی مولانا عبدالکبیرشاکر،جمیل احمد مشوانی، روح اللہ سالار،احمد شاہ غازی، امیرضلع عبدالنعیم رند اعجاز محبوب،محمدحلیم حماس ودیگرنے شرکت کی اس موقع پرامیرصوبہ کی مشاورت سے22اگست بلوچستان میں یوم احتجاج منانے اورمرکزی دھرنے کے اعلانات وامیرجماعت کے حکم پرآئندہ کے حوالے سے ہرقسم کے ہڑتال دھرنے واحتجاج میں بلوچستان بھر میں بھرپورساتھ دینے کافیصلہ کیاگیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *