باجوڑ،بم ڈسپوزل سکواڈ کی کارروائی،14مارٹر گولے برآمد، علاقہ بڑے نقصان سے محفوظ

باجوڑ (ویب ڈیسک)باجوڑ کے علاقے جھانگیر آباد، حدود تھانہ خار میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے شرپسند عناصر کی جانب سے چھپائے گئے 14 مارٹر گولے برآمد کر لیے۔تفصیلات کے مطابق سرکل ڈی ایس پی خار سعید الرحمن کی نگرانی میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے جھانگیر آباد میں کارروائی کی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ 14 مارٹر گولے برآمد کیے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے برآمد شدہ گولوں کو بحفاظت تحویل میں لے لیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں علاقے کو ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے محفوظ کر لیا گیا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خان زیب مہمند نے کہا کہ باجوڑ پولیس شرپسند عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی، سامان یا مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے علاقے میں امن و امان کو مزید مستحکم اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت تدارک ممکن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *