ایران میں امریکا اور اسرائیل کی مدد کے الزام میں شخص کو پھانسی دے دی گئی

تہران(انٹر نیشنل ڈیسک)ایران نے جنوری میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران امریکا اور اسرائیل کی مدد کرنے کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی۔ایرانی عدلیہ کے مطابق مجید عدینہ نامی شخص کو مظاہروں کے دوران چین سا رکھنے اور حکومت مخالف سرگرمیوں میں مبینہ کردار پر گرفتار کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عدلیہ نے الزام عائد کیا کہ مجید عدینہ نے ملک میں ہونے والے احتجاج کے دوران دشمن گروہوں کے حق میں عملی کارروائی کی۔ اس کے علاوہ اس پر جان بوجھ کر آتش زنی، ملک کی داخلی سلامتی کے خلاف جرائم کی نیت سے اجتماع اور سازش کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان آن لائن کے مطابق کیس میں موجود متعدد دستاویزات، شواہد اور ملزم کے بیانات کی بنیاد پر کرج کی انقلابی عدالت نے اسے سزائے موت سنائی تھی، عدالت نے اس کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ایرانی حکام کے مطابق مجید عدینہ کو امریکا اور اسرائیل سے منسلک مخالف گروہوں کے لیے کام کرنے کا بھی الزام تھا تاہم خبر میں ان الزامات کے حوالے سے آزاد ذرائع یا ملزم کے وکیل کا موقف شامل نہیں ہے۔ایران میں حکومت مخالف احتجاج کے بعد حکام کی جانب سے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں ماضی میں بھی احتجاجی مقدمات میں سزائے موت پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *