ضلع موسیٰ خیل میں بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت منصوبوں سے عوام کو تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات میں ریلیف مل رہا ہے،ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک

کوئٹہ(ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن، کور کمانڈر بلوچستان کی خصوصی دلچسپی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں شروع کیے گئے بی ایچ ڈی آئی (BSDI) پروگرام کے تحت عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ پروگرام کے مثبت اور دور رس نتائج عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام بنیادی طور پر ایک ایسا مؤثر نظام ہے جس کے ذریعے حکومت عوام تک پہنچ کر ان کے مسائل سنتی ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھاتی ہے انہوں نے بتایا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام کے فیز ون میں ضلع موسیٰ خیل میں مجموعی طور پر 14 ترقیاتی منصوبے شامل تھے، جن میں سے 13 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ایک منصوبہ تکمیل کے قریب ہے۔ اس طرح فیز ون میں ضلع موسیٰ خیل کی مجموعی پیش رفت تقریباً 93 فیصد رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فیز ٹو میں ضلع موسیٰ خیل کے لیے 101 منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے 27 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ اور مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔عبدالرزاق خجک نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی محض ترقیاتی منصوبوں کا پروگرام نہیں بلکہ ایک ایسا مربوط نظام ہے جس کے ذریعے عوامی مسائل کو براہ راست حکام کے سامنے لایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں تحصیل، سب ڈویژن اور ضلعی سطح پر کھلی کچہریاں اور عوامی اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں شہری اپنے مسائل براہ راست ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کے سامنے پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات اور مسائل کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے، ان کی نوعیت اور ترجیحات کا تعین کرنے کے بعد قابلِ عمل منصوبہ تیار کرکے متعلقہ فورم کو بھجوایا جاتا ہے۔ منصوبے کی منظوری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (P&D) سے حاصل ہونے کے بعد عملی کام کا آغاز کیا جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل نے کہا کہ اس پورے عمل میں ضلعی انتظامیہ، متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس اور دیگر اداروں کے درمیان مربوط رابطہ قائم رکھا جاتا ہے تاکہ منظور شدہ منصوبوں پر بروقت کام شروع ہو اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت منصوبوں کی نگرانی اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا اور لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ایسے مسائل کی نشاندہی بھی ممکن ہوئی ہے جو طویل عرصے سے عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے تھے عبدالرزاق خجک نے کہا کہ ضلع موسیٰ خیل میں بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں سے عوام کو تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے شعبوں میں ریلیف مل رہا ہے، جبکہ زیر تکمیل منصوبوں کو بھی جلد مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی ایک مؤثر اور عوام دوست منصوبہ ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور اس پروگرام کے ذریعے عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع موسیٰ خیل میں بنیادی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی، تاکہ حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *