اضاخیل پولیس کی کارروائی، گھر میں چوری کرنے والا ملزم گرفتار، رقم برآمد

نوشہرہ (ویب ڈیسک)تھانہ اضاخیل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں گھر کا تالا توڑ کر چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے چوری شدہ رقم برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق مدعی حبیب زادہ ولد شہزادہ ساکن محلہ مہمنداں امان گڑھ نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ اہل خانہ سمیت سسر کے گھر گیا تھا۔ واپسی پر گھر کا مین گیٹ اور دیگر تالے نامعلوم چور نے توڑ کر گھر سے رقم چوری کرلی تھی، جس پر تھانہ اضاخیل میں مقدمہ نمبر 339/26 جرم 380، 457 ت پ درج کیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ سونیا شمروز خان نے کیس کو ٹریس کرنے کا ٹاسک ایس ایچ او تھانہ اضاخیل عنایت علی امجد اور ان کی ٹیم کو سونپا۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا، شواہد اکٹھے کیے اور جدید تفتیشی طریقوں کی مدد سے ملزم اویس ولد افتخار ساکن امان گڑھ تک رسائی حاصل کرکے اسے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی نشاندہی پر چوری شدہ رقم برآمد کروا دی۔ ضلعی پولیس سربراہ نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت چوکس ہے۔ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *