ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر ترک قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار، پاک۔ترکیہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

کوئٹہ /اسلام آباد(ویب ڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان، ترک پارلیمان، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ترک قوم کی جمہوری جدوجہد، قومی عزم اور ترقی کے لیے غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات اخوت، باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، جبکہ عوامی سطح پر محبت اور اپنائیت کا رشتہ دونوں برادر ممالک کو ایک دوسرے کے قریب رکھتا ہے۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے درمیان روابط کو وسعت دینے، مشترکہ تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی روابط باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش مختلف چیلنجز کے تناظر میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشاورت اور تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ دونوں ممالک امن، استحکام، باہمی ہم آہنگی اور عالمی سطح پر مثبت تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ترکیہ کی قیادت اور عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی برادرانہ دوستی دونوں ممالک کے عوام کے لیے امید، اعتماد اور مشترکہ ترقی کا ذریعہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *