لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ٹراما سینٹر قائم کیا جائے،عوامی حلقے

اوتھل (ویب ڈیسک) لسبیلہ ڈویژن کے صدرمقام اوتھل میں جدید سہولیات سے آراستہ ٹراما سینٹر کے قیام کا دیرینہ مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے، تاکہ دو بڑی قومی شاہراہوں مین آر سی ڈی قومی شاہراہ اور کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے زخمیوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔تفصیلات کے مطابق عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے مطالبہ کیا ہے کہ لسبیلہ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ٹراما سینٹر قائم کیا جائے تاکہ مین قومی شاہراہ اور کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے زخمیوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں زیرو پوائنٹ اوتھل کے مقام پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ اس سے قبل بھی قومی شاہراہ پر متعدد خوفناک حادثات رونما ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اوتھل میں جدید ٹراما سینٹر قائم ہوتا تو بروقت طبی امداد کی فراہمی سے ممکنہ طور پر کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اوتھل میں جدید ٹراما سینٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے دوسرے شہروں میں منتقل کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث بعض اوقات قیمتی وقت ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق ٹراما سینٹر کے قیام کا معاملہ پہلے بھی اعلیٰ ایوانوں میں اٹھایا جا چکا ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی بلوچستان اسمبلی جبکہ سینیٹر اسد قاسم رونجھو سینیٹ میں بھی اس حوالے سے آواز اٹھا چکے ہیں۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ لسبیلہ کے عوام کے اس دیرینہ مطالبے پر فوری توجہ دیتے ہوئے اوتھل میں جدید ٹراما سینٹر کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ حادثات کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم ہو اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *