چیف آف ڈیفنس فورسز کا دورہ بلوچستان امن، استحکام اور ترقی کے عزم کا اظہار ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(ویب ڈیسک) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورج کوئٹہ کو بلوچستان کی سلامتی، امن و امان، ترقی اور عوامی فلاح کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی، تخریب کاری، سرحدی چیلنجز اور دیگر سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انٹیلی جنس اداروں، سول انتظامیہ، پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی تعاون سے ہی سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر اور دیرپا مقابلہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا مقصد ہر صورت ریاستی رٹ کو مضبوط بنانا، دہشت گردی کا خاتمہ، عوام کی جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں معمولات زندگی کو بحال رکھنا ہے۔ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ریاست ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ حقیقی اور پائیدار امن صرف سکیورٹی اقدامات سے حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ امن کے ساتھ معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی بھی ضروری ہے۔ روزگار کے مواقع، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، صاف پانی، مواصلاتی رابطوں، توانائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بلوچستان کے عوام کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ ماحول ہی سرمایہ کاری، صنعت، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کی بنیاد بنتا ہے۔ بلوچستان کے وسیع قدرتی وسائل، جغرافیائی محل وقوع اور گوادر سمیت اہم معاشی امکانات کو بروئے کار لا کر صوبے کو پاکستان کی معاشی ترقی کا اہم مرکز بنایا جا سکتا ہے، تاہم اس کیلئے امن و امان اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بنیادی شرط ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کو قومی ترقی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، سکیورٹی اداروں، مقامی انتظامیہ اور نجی شعبے کو مل کر ایسی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس کے نتیجے میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کیلئے روزگار اور معاشی مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا دورہ بلوچستان اس بات کی علامت ہے کہ صوبے کی سلامتی، عوامی فلاح اور معاشی ترقی قومی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں، ترقی چاہتے ہیں اور اپنے بچوں کیلئے بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ انہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف لایا جا سکے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کا ریاست پر اعتماد مزید مضبوط کرے گی۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ریاستی رٹ، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور معاشی ترقی ایک ہی قومی حکمت عملی کے مختلف اجزا ہیں۔ مؤثر سکیورٹی اقدامات، مضبوط سول ادارے، عوامی شمولیت اور تیز رفتار ترقیاتی عمل کے ذریعے بلوچستان کو پائیدار امن، خوشحالی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو بلوچستان کے عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دینی چاہیے۔ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ ہی امن و استحکام کو دیرپا بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *