گوادر سے کراچی، کوئٹہ فضائی کرایوں میں نمایاں کمی ،گوادر-کراچی2 ہزار روپے سے زائد کم

گوادر(ویب ڈیسک)گوادر میں کاروباری سرگرمیوں اور فضائی آمدورفت کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی ایئرلائنز نے شہر کے رہائشیوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے گوادر سے کراچی اور کوئٹہ کے فضائی روٹس کے کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے اس اقدام سے مسافروں پر مالی بوجھ کم ہونے کی توقع ہے۔گوادر پرو کے مطابق ان روٹس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز سمیت مختلف فضائی کمپنیاں پروازیں چلا رہی ہیں، تاہم ساؤتھ ایئر نے بلوچستان کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی رابطے کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں میں پیش قدمی کی ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے کرایہ جاتی نظام کے تحت گوادر سے کراچی کا یک طرفہ فضائی کرایہ 21 ہزار 250 روپے جبکہ گوادر سے کوئٹہ کا کرایہ 20 ہزار 840 روپیمقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل گوادر-کراچی روٹ کا کرایہ 23 ہزار 733 روپے جبکہ گوادر-کوئٹہ روٹ کا کرایہ 31 ہزار روپے تھا۔اس طرح کراچی کے روٹ پر کرایے میں 2 ہزار روپے سے زائدجبکہ کوئٹہ کے روٹ پر 10 ہزار روپے سے زیادہ کمی کی گئی ہے، کرایوں میں نمایاں کمی سے گوادر کے رہائشیوں، تاجروں اور دیگر مسافروں کے لیے فضائی سفر مزید آسان اور سستا ہونے کی توقع ہے۔اس پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے ساؤتھ ایئر گوادر اسٹیشن منیجر محمد سلیم نے گوادر پرو کو بتایا کہ نسبتاً کم قیمتوں پر بہتر فضائی سفری سہولیات فراہم کرنا ایئرلائن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کرایوں میں کمی کا مقصد صرف مسافروں کو مالی ریلیف فراہم کرنا نہیں بلکہ گوادر کے ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ فضائی رابطے کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *