جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ بھر کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کے امراء و نظماء صاحبان کا ایک اہم نمائندہ اجلاس آج طلب کرلیا

کوئٹہ (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی جانب سے عوامی مسائل کے حل، شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے اور جماعتی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے مختلف سماجی کمیٹیوں نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کا آغاز کردیا ہے، جبکہ جمعیت علماء اسلام کی بنیادی سطح پر کارکردگی کو مزید مضبوط، منظم اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے ضلع کوئٹہ بھر کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کے امراء و نظماء صاحبان کا ایک اہم نمائندہ اجلاس آج بروز جمعرات 3 ستمبر کو سہ پہر 3 بجے ضلعی سیکرٹریٹ واقع اینگل روڈ کوئٹہ میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری تنظیمی سرگرمیوں، عوامی مسائل کے حل کے لیے قائم سماجی کمیٹیوں کی کارکردگی، یونٹ اور تحصیل کی سطح پر تنظیمی امور کو مزید فعال بنانے، عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس نے ضلع بھر کے تمام امراء و نظماء صاحبان سے اپیل کی ہے کہ وہ اجلاس کی اہمیت کے پیش نظر مقررہ وقت پر اپنی شرکت یقینی بنائیں تاکہ تنظیمی امور کو باہمی مشاورت سے آگے بڑھایا جاسکے اور عوامی خدمت کے سلسلے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کی مشکلات کے ازالے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے تنظیمی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ یونٹ سے ضلع کی سطح تک جماعتی نظم و نسق کو مضبوط بنانا اور کارکنوں و عوام کے درمیان رابطے کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *