جمعیت علماء  اسلام کو ضلع کوئٹہ کی سطح پر مزید منظم فعال اور مضبوط بنانے کے لیے بنیادی یونٹوں کی فعالیت ناگزیر ہے،مولاناعبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے کہا ہے کہ جمعیت علماء  اسلام کو ضلع کوئٹہ کی سطح پر مزید منظم فعال اور مضبوط بنانے کے لیے بنیادی یونٹوں کی فعالیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کی اصل قوت اس کے منظم اور فعال بنیادی یونٹ ہیں، لہٰذا تمام ذمہ داران اپنی تنظیمی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی، احساسِ ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ ادا کریں انہوں نے تمام امراء، نظماء  اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ جماعتی نظم و ضبط کی مکمل پابندی کرتے ہوئے تنظیمی فیصلوں اور ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنظیمی کمزوری، غفلت اور غیر فعالیت کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی اور جماعت کو مزید مضبوط و فعال بنانے کے لیے ضروری اور اہم تنظیمی فیصلوں سے ہرگز دریغ نہیں کیا جائے گا۔ کی دریں اثناء  ماتحت تحصیلوں اور بنیادی یونٹوں کے تنظیمی دوروں کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کے امراء کا اہم اجلاس ضلعی دفتر میں نائب امیر مولانا محمد ایوب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے دوران کمیٹیوں کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کی روشنی میں ضلع بھر کے بنیادی یونٹوں کی مجموعی تنظیمی کارکردگی کا تفصیلی اور بغور جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فعال اور غیر فعال یونٹوں کی کارکردگی، تنظیمی صورتحال، ذمہ داران کی فعالیت، اجلاسوں کے انعقاد اور دیگر تنظیمی امور کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف کمزوریوں اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں کمزور اور غیر فعال یونٹوں کو فعال بنانے تنظیمی کمزوریوں کے تدارک، جماعتی رابطوں کو مؤثر بنانے اور بنیادی سطح پر تنظیم کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا جس کے بعد متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، مولانا محمد سلیمان حافظ مسعود احمد، حاجی ولی محمد بڑیچ، مفتی نیک محمد، مولانا شعیب جدون، مفتی روزی خان بادیزئی، عبدالصمد حقیار، مولانا علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا نے شرکت کی اور اپنی اپنی تجاویز اور آراء بھی پیش کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *