ایران سے روابط پر چینی بینکوں پر امریکی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے،ٹرمپ

واشنگٹن(انٹر نیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے روابط پر چینی بینکوں پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ان کی انتظامیہ ایران سے روابط رکھنے والے چینی بینکوں پر پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا وہ ایران سے متعلق لین دین پر چینی بینکوں کے خلاف پابندیاں عائد کریں گے؟ٹرمپ نے براہِ راست جواب دینے کے بجائے کہا کہ کس نے کہا کہ میں ایسا نہیں کر رہا؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نہیں جانتے کہ میں یہ کر رہا ہوں یا نہیں۔ مجھے ہر چیز کا اعلان تو نہیں کرنا، ہے نا؟امریکی محکمہ خزانہ نے اب تک بڑے چینی بینکوں پر پابندیاں عائد نہیں کیں، تاہم وہ چین اور ہانگ کانگ میں متعدد کمپنیوں پر پابندیاں لگا چکا ہے جن پر ایرانی حکومت اور مسلح افواج کی معاونت کا الزام ہے۔ایسا اقدام تہران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی امریکی کوششوں میں بڑی شدت کا باعث بن سکتا ہے۔چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، خاص طور پر تیل کی تجارت کے حوالے سے۔ چینی بینک دونوں ممالک کے درمیان تیل سمیت دیگر تجارتی لین دین سے متعلق ادائیگیوں کو اب بھی پراسیس کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *