Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
شانگلہ (ویب ڈیسک)عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے سلسلے میں ضلع شانگلہ کے سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں، مدارس اور یونیورسٹی آف شانگلہ میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب بیلے بابا میں قائم سمارٹ سکول سسٹم میں منعقد ہوئی، جہاں سیرت النبی ﷺ، حسنِ قرت اور تلاوتِ قرآن پاک کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔تقریبات میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ، اسوہ حسنہ، اخلاق و کردار اور تعلیمات نبوی ﷺ کو اجاگر کیا گیا، جبکہ طلبہ کے درمیان حسنِ قرت اور تلاوتِ قرآن پاک کے مقابلے بھی ہوئے۔ علما کرام، اساتذہ، طلبہ، سرکاری افسران اور معززین علاقہ نے تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے سلسلے میں بیلے بابا کے سمارٹ سکول سسٹم میں مدارس دینیہ ضلع شانگلہ کے زیر اہتمام خصوصی مسابقہ حسنِ قرت منعقد ہوا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شانگلہ حامد گیگیانی نے ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، جبکہ سابق سینیٹر راحت حسین، علما کرام، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔مسابقہ حسنِ قرت میں مختلف مدارس سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے قرآن پاک کی تلاوت پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ خوبصورت اور پرسوز تلاوت سے تقریب کا ماحول روحانی کیفیت میں بدل گیا۔ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو قرآن پاک اور سیرت النبی ﷺ سے جوڑنا معاشرے کی اہم ذمہ داری ہے۔اسی سلسلے میں یونیورسٹی آف شانگلہ میں بھی عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت تلاوتِ قرآن پاک مقابلہ 2026 منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ مقامی سکولوں اور کالجوں کے طلبہ نے بھی حصہ لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ طلبہ نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی معروف مذہبی اسکالر مفتی ثنا اللہ نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد ﷺ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ عمل ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ سیرت طیبہ ﷺ کا مطالعہ کریں اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ سمیت تمام شرکا کی حوصلہ افزائی کی گئی۔تحصیل چکیسر میں بھی مدرسہ تحفیظ القرآن چکیسر کے زیر اہتمام 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر رحمت للعالمین ﷺ پروگرام منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر چکیسر، علما کرام، طلبہ اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ، اخلاق حسنہ اور تعلیمات نبوی ﷺ پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ضلع کے دیگر سرکاری و نجی سکولوں اور تعلیمی اداروں میں بھی عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے حوالے سے تقریبات، نعت خوانی، تقریری پروگرام، تلاوتِ قرآن پاک اور سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔مقررین نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ سے آگاہی ناگزیر ہے۔ تمام تقریبات کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔