گورنمنٹ انٹر ملا فاضل کالج مند کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ،مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ

کوئٹہ(ویب ڈیسک) مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے سوشل میڈیا پر گورنمنٹ انٹر ملا فاضل کالج مند سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کالج کے مسائل کے فوری حل اور اسے مکمل طور پر فعال بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ گورنمنٹ انٹر ملا فاضل کالج مند کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور کالج کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ انٹر ملا فاضل کالج مند کا سنگ بنیاد 2011ء میں رکھا گیا تھا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تقریباً 15 سال گزرنے کے باوجود یہ تعلیمی ادارہ اب تک مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا۔ یہ صورتحال نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع کی کمی کا باعث بھی بنی ہوئی ہے۔مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان نے کہا کہ ماضی میں اس علاقے سے وفاقی سطح پر وزیرِ تعلیم سمیت متعدد صوبائی وزراء گزرے لیکن اس کے باوجود ایک بنیادی تعلیمی سہولت یعنی کالج کو مکمل طور پر فعال نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت میں انشاء اللہ اس کالج کو فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔مینا مجید بلوچ نے مزید کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے اپنی کوششوں سے کالج کے لیے تدریسی عملے کی چار پوسٹیں منظور کرائی تھیں جبکہ رواں سال غیر تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تعیناتی ایک ماہ کے اندر اندر یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں وہ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن سے پہلے بھی کئی بار ملاقات کر چکی ہیں اور اب دوبارہ ملاقات کریں گی تاکہ اکیڈمک پوسٹوں پر تدریسی عملے کی تعیناتی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ اسی طرح غیر تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ تعلیمی ترقی موجودہ حکومت کے وڑن کا اہم حصہ ہے اور اسی وژن کے تحت گورنمنٹ انٹر ملا فاضل کالج مند کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کالج کو مزید نظرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا اور اسے فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *