راولپنڈی، رشتہ دینے سے انکار پر سی سی ڈی اہلکار کا خاتون پر تشدد، عزت خراب کرنے کی دھمکیاں

راولپنڈی (ویب ڈیسک)راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) میں تعینات اہلکار نے رشتہ دینے سے انکار پر راستہ روک کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔اہلکار نے سرعام خاتون کو تھپڑ مارے اور اسلحے کی نوک پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ریجنل پولیس آفیسر سی سی ڈی راولپنڈی حسن جہانگیر وٹو نے بلال نامی اہلکار کو معطل کردیا، جاتلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، تفتیش جاری ہے۔خاتون کے مطابق وہ نتھہ چھتر کی رہائشی ہے، 13 اگست کو شام 5 بجے اپنی والدہ اور بیٹی کے ساتھ رکشے میں بیٹھ کر دولتالہ سے اپنے گھر جارہی تھی۔ راستے میں بن کمال شاہ کے قریب بلال ولد صفدر نے رکشہ روک کر والدہ اور بیٹی کے سامنے اس کے منہ پر تھپڑ مارے۔خاتون کے مطابق ملزم نے نازیبا گالیاں دیں اور پسٹل نکال کر اسے اور اس کی بیٹی کو جان سے مارنے اور عزت خراب کرنے کی دھمکیاں دیں، موقع پر موجود رکشہ ڈرائیور نے ان کی جان بچائی۔خاتون نے بتایا کہ وجہ عناد یہ ہے کہ بلال نے اس کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا جس پر انہوں نے انکار کردیا تھا۔پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے ملزم بلال کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *